منگلورو:2/جولائی (ایس اؤنیوز)مرکز کی این ڈی اے حکومت کی طرف سے نافذ کردہ جی ایس ٹی ایک سیاسی نوٹنکی کے سوا کچھ نہیں ہے،سب سے پہلے وزیر اعظم کو واضح کرنا چاہئے کہ جی ایس ٹی سے عوام کو کیا فائدہ ہونے والاہے ، یہ صرف لوگوں کو بے وقوف بنانے ، انہیں حسین خوابوں میں بہلائے رکھنے کامودی کا اپنا ایک پلان ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی کابینہ کے وزیر یوٹی قادر نےکیا۔
وہ یہاں سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے ذریعے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلی یوپی اے کی حکومت نے عوامی فائدے کے لئے بے شمار منصوبہ جات کو جاری کیاتھا ، ایسا کوئی ایک بھی منصوبہ جاری نہ کرنے والی مرکزی حکومت کو جی ایس ٹی کے لئے آدھی رات میں پارلیمنٹ کا سیشن بلانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ جی ایس ٹی کی تشہیر صرف عوام کو دھوکہ دینے کے لئے کی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت کسانوں کے تئیں کوئی فکر نہیں رکھتی ، مرکزی حکومت کے کابینہ کے ایک وزیر جب کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنا ایک فیشن کہتے ہیں تو پھر ان سے کیسے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ کوئی عوامی منصوبہ جات کو جاری کریں گے۔
ایک دیش، ایک ٹیکس صرف بیان کی حد تک محدود ہے، اپنی غلط معاشی پالیسیوں کے نتیجےمیں عوام کو بلی کا بکر ابنا رہے ہیں، یوٹی قادر نے ہنگامہ کرکے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا۔ 2006میں جب یو پی اے کی مرکزی حکومت جی ایس ٹی کو نافذ کرنےکی بات کہی تو یہی مودی نے سخت مخالفت کی تھی ، اب انہوں نے اس کو جاری کیا ہے۔ پریس کانفرنس میں منگلورو تعلقہ پنچایت کے صدر محمد معینو، ممبر عبدالجبار بولیار،پارٹی لیڈران شری نواس شٹی ، یو بی سلیم، مصطفیٰ ملار وغیرہ موجود تھے۔